بھٹکل،4/فروری (ایس او نیوز) اسارکیری مندر کے ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں دھرمستھلا دیہی ترقیاتی منصوبے کے تحت مندروں کے لئے کچرے کے ڈبوں (ڈسٹ بِن) کی تقسیم عمل میں آئی۔
اس موقع پر بھٹکل بلدیہ کی ہیلتھ آفیسر سوجیا سومن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل بلدیہ کی طرف سے شہر کو پاک و صاف رکھنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے، اب اس کو مزید مؤثر بنانے کے لئے عوام اور سماجی اداروں کو بلدیہ کا بھر پور تعاون کرنا چاہیے۔سوجیا نے بتایا کہ عوام کو سوکھا اور گیلا کچرا الگ الگ رکھنے اور اسے بلدیہ کی گاڑی والوں کوسونپنے کے لئے بارہا توجہ دلائی گئی ہے۔اس ماحول کو پاک وصاف اور غیر آلودہ رکھنے میں بڑی مدد ملتی ہے۔گھروں کو ماؤں کو چاہیے کہ اپنے چھوٹے بچوں کو بھی صفائی اور ستھرائی قائم رکھنے کی تربیت دیں۔ہم خود صفائی وستھرائی کا پورا خیال رکھیں اور اپنی نئی نسل کو بھی اس کی طرف متوجہ کریں۔
نسچل مکّی مندر کے صدر ایم آر نائک نے جلسے کی صدارت کی۔انہوں نے بھی اپنے صدارتی خطاب میں صفائی ستھرائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس دور میں بڑھتی ہوئی عالمی حدت (گلوبل وارمنگ)کو کم کرنے کے لئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنا اپنا فرض بہتر طور پر ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے دھرمستھلا دیہی ترقیاتی منصوبے کے تحت کی گئی اس کارروائی کی سراہنا کی۔
دھرمستھلا منصوبے کے افسر ایم ایس ایشور بھی اس موقع پر موجودتھے۔ انہو ں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت ایک ہزا ر مندروں میں سے ہر ایک مندر کے لئے دو کچرے کے ڈبے دیے جائیں گے۔ضلع شمالی کینرا میں 301مندروں میں سے بھٹکل ہوناور زون میں 51مندروں کو یہ ڈبے دئے جارہے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت صفائی مہم میں 2.5لاکھ رضاکار اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ضلع جنا جاگرتی ویدیکے کے صدر ستیش شیٹھ، رملا وینکٹرمنا مندر کے سریدھر نائک، ضلع ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ وغیرہ نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔
بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ایچ بی کوڈگونٹی، شیورام نائک، شریکانت نائک، دنیش نائک وغیرہ اسٹیج پر موجود تھے۔